جمعہ4؍رجب المرجب 1444ھ27؍جنوری 2023ء

فواد چوہدری کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد کی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی کی عدالت نے درخواست کی سماعت کی جس کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء پیش ہوئے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل سیشن جج طاہر محمود نے درخواستِ ضمانت کی سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد  میں سناتے ہوئے کہا تھا کہ تھانہ کوہسار کے متعلقہ مجسٹریٹ فواد چوہدری کی بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کریں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں فواد چوہدری کے بھائی اور وکیل فیصل چوہدری نے فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، مقدمے میں انہیں غلط نامزد کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مدعی صرف فواد چوہدری کو ہراساں اور بلیک میل کرنا چاہتا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.