پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو صبح ان کے گھر سے اغوا کیا گیا۔
لاہور کے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عدالت کے تین حکم نامے آتے ہیں لیکن یہ فواد چوہدری کو اسلام آباد لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں جھوٹ بولا گیا کہ فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس لے کر گئی ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عوام چیف جسٹس پاکستان اور سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے فواد چوہدری کو عدالت میں پیش نہیں کیا ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، یہ توہین عدالت ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 25 مئی کا ذمہ دار سی سی پی او یہاں بیٹھا ہوا ہے، حکومت حواس باختہ ہوچکی، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دن 12 بجے عدالت نے حکم دیا کہ فواد چوہدری کو پیش کیا جائے، عدالت نے تین بار حکم دیا کہ فواد چوہدری کو پیش کریں لیکن یہ ان کو لے کر اسلام آباد چلے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالت سے جھوٹ بول رہے ہیں، اسلام آباد لے جانا غیر قانونی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وہ کون ہے جو عدالتوں سے بھی زیادہ طاقتور ہے؟ کیا پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق ختم ہوگئے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں کا حکم نہ مان کر توہین عدالت کی گئی، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
Comments are closed.