بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فواد چوہدری پٹھانوں سے معافی مانگیں: پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی کا ردِعمل

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری  کی جانب سے پٹھانوں سے متعلق دیے گئے بیان پر پی ٹی آئی کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی خیبرپختون خوا ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ نے فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  فواد چوہدری نے پٹھانوں سے متعلق مذاقاً جو کہا اسے پٹھان قوم کی توہین سمجھتا ہوں، فواد چوہدری کو پٹھان قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

ہشام انعام اللّٰہ نے کہا ہے کہ یہ پٹھانوں سے متعلق ایسی سوچ رکھتے ہوئے کیسے پی ٹی آئی کا حصہ بنے جبکہ تحریکِ انصاف کا بانی بھی قومیت کے لحاظ سے پٹھان ہے۔

 انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تحریک میں حصہ لینے اور کامیاب بنانے والے پٹھان ہیں، پاکستان کو پٹھان، پنجابی، سندھی اور بلوچ سب نے مل کر بنایا، کسی ایک قوم کو دوسرے پر برتری حاصل نہیں ہے۔

ہشام انعام اللّٰہ کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو ایسی سوچ سے حقیقی آزادی حاصل کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو باتھ روم میں بند کیے جانے کے واقعے پر فواد چوہدری نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں نازیبا انداز میں اظہارِ خیال کیا تھا۔

فواد چوہدری کے اس تبصرے پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے اظہارِ مذمت کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.