فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکامی پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کے نیویارک آفس کے سربراہ کریگ موخیبر مستعفی ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کریگ موخیبر اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے میں ناکامی پر بطور احتجاج مستعفی ہوئے ہیں۔
کریگ موخیبر نے جنیوا میں ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے نام خط بھی لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جو ہو رہا ہے وہ ہر لحاظ سے نسل کشی ہے۔
کریگ موخیبر نے اپنے خط کے متن میں کہا کہ فلسطین میں یورپی نسل پرستی کا آبادکاری منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا، منصوبہ یہ ہے کہ فلسطینی علاقوں میں آبائی فلسطینیوں کی باقیات کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔
کریگ موخیبر نے مزید لکھا کہ حد یہ ہے امریکا، برطانیہ اور بیشتر یورپی ممالک اِس خوفناک حملے میں برابر کے شریک ہیں، یہ حکومتیں جنیوا کنونشن کا احترام کرنے کی اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے انکار کر رہی ہیں۔
خط کے متن کے مطابق یہ حکومتیں اسرائیلی جارحیت کو مسلح کرنے میں فعال ہیں جبکہ اسرائیل کو معاشی اور انٹیلی جنس سپورٹ بھی فرام کی جارہی ہے۔
کریگ موخیبر نے مزید لکھا کہ یہ حکومتیں فلسطینی نسل کشی کا سیاسی و سفارتی جواز فراہم کرنے میں بھی فعال ہیں۔
Comments are closed.