نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتِ حال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینوں سے اظہارِ یک جہتی کرتا ہے۔
ایک بیان میں جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور معصوم انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض فورس سے مظالم فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، خود مختار ریاست فلسطین کا قیام 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی برادری کو مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے کام کرنے کے لیے مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔
حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جس میں فوجیوں سمیت 500 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔
Comments are closed.