مسلم لیگ نون کے ناراض ارکانِ پنجاب اسمبلی کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ ملک دشمنوں کا مقابلہ یک جہتی اور اتحاد سے ہی ہو سکتا ہے، جمہوریت کا حسن ہے کہ اختلافِ رائے کو سنا جائے اور برداشت کیا جائے۔
انہو ں نے کہا کہ نواز شریف نے اداروں کے خلاف جو ماحول بنانے کی کوشش کی وہ ان کی ناسمجھی تھی، مریم نواز نے کہا کہ آر پار ہو جائے گا وہ آر پار بھی سب نے دیکھا۔
جلیل شرقپوری نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، اسرائیلی اور بھارتی لابی پاکستان کے خلاف کام کر رہی ہیں۔
ناراض نون لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللّٰہ قیادت کے سامنے ڈٹ کر بات کیوں نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اگر سینیٹ کے رکن بن جائیں تو سب حلال ہو جائے گا،جب تک مولانا فضل الرحمٰن اسمبلی سے باہر ہیں سب حرام ہے۔
جلیل شرقپوری نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب! اگر آپ سچے ہیں تو کیسز کا مقابلہ کریں، آپ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو عدالتوں میں ثابت کریں۔
اس موقع پر ایم پی اے اشرف انصاری نے کہا کہ عوام نے ہمیں نمائندگی کرنے کی ذمے داری دی تھی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لیڈر آف دی ہاؤس ہونے کے تقاضے پورے کیئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے حلقے کے عوام کے مفادات کے لیے ہماری گزارشات پوری کیں، عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں سنا۔
اشرف انصاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی پاداش میں ہمیں پارٹی سے نکالا گیا، کیا یہ لوگ اپنے معاملات کے لیے کبھی آپس میں نہیں ملے؟
Comments are closed.