سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ملکی سیاست سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی فنڈنگ سے متعلق اب ریکارڈ قوم کے سامنے آگیا ہے، ہم واضح کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی سربراہ کو سیاست سے نکال باہر کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں ہیں، ہمارے کارکن اور قوم زندہ ہے، ہم عمران خان کو دوبارہ پاکستان پر مسلط کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان نیازی نے ملعون سلمان رشدی پر حملے کی مذمت کی، اس بیان کے بعد صیہونی لابی اور عالمی میڈیا کھل کر اس کی پشت پر آ گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق تنظیمیں، ذرائع ابلاغ اور اقوام متحدہ عمران نیازی کو سرکشی پر اکسارہے ہیں، صیہونی لابی نیازی کی باغیانہ سرگرمیوں کو جمہوریت قرار دینا چاہتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ صیہونی لابی اپنے مہرے عمران نیازی کو دھاندلی سےپھراقتدار میں لانا چاہتی ہے، پاکستان کے ریاستی ادارے شدید ترین عالمی دباؤ میں بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے ممنوعہ فنڈنگ میں کسی بھی کارروائی میں التواء کی پالیسی پر گامزن ہیں، قومی مجرم کے خلاف کارروائی سے گریز کیا تو ہم اپنا کردار ادا کریں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق فورم سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کی ہمدردی کا محور عمران خان کیوں ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت میں سابق وزیراعظم کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، ان کے خلاف ملکی اداروں کو استعمال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے عمران خان کی چوری کے اقدامات سامنے لائے گئے، ہم نے 12 سال پہلے کہہ دیا تھا، عمران خان کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی۔
Comments are closed.