پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو غدار قرار دے دیا۔
کراچی کے علاقے ڈالمیا روڈ پر پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کرپشن کا منصوبہ بنایا۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ متحدہ کو گزشتہ انتخابات میں کچھ نشستیں ملی تھیں اب یہ بھی نہیں بچیں گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تین چوہوں کے ساتھ مل کر ایم کیو ایم نے قوم سے غداری کی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہاء الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکر میں عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈالمیا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک پولیس گاڑیوں کو راشد منہاس روڈ سے نیپا چورنگی بھیجنے لگی۔
لاہور کے لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کے کارکن جمع ہوئے اور عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔
ملتان کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور سابق وزیراعظم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
Comments are closed.