پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو فیشن شو میں جانے کا مشورہ دے دیا۔
لاہور میں سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ حمزہ شہباز جعلی طور پر اقتدار پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں، ان کا جانا ٹھہر چکا ہے، اچکن پہننے کا بہت شوق ہے تو ہر سال برائیڈل فیشن شو ہوتا ہے گروم فیشن شو میں حصہ لیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے، سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کا بطور ٹرسٹی اسٹیٹس بحال کردیا ہے، حمزہ شہباز کیس کے فیصلے تک بطور ٹرسٹی کام کرتے رہیں گے، سپریم کورٹ کچھ دیر بعد آرڈر لکھوائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے چابی والے کھلونے کا کردار ادا کیا ہے، یکم جولائی کا اسٹیٹس بحال ہونے کا مطلب آج کا حلف ختم ہوگیا، چوہدری پرویز الہٰی کو جو مینڈیٹ ملا، ڈپٹی اسپیکر نے اس کو چھیننے میں کردار ادا کیا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ امید ہے کہ عدالت قانون اور آئین کی بالا دستی قائم کرے گی، اب تک کی سماعت میں یہ چیز نظر آرہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ عدالتی فیصلے کا حصہ نہیں، کوئی ڈپٹی اسپیکر کی غیر قانونی رولنگ کا دفاع کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ان لوٹوں کے خلاف اپنے ووٹوں سے جواب دیا، ایک زرداری لوٹوں اور چوروں پر بھاری ہے عوام پر بھاری نہیں ہے۔
Comments are closed.