فٹبال کے عالمی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2 صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ حاصل کرلی ہے۔
دفاعی چیمپئن فرانس نے سیمی فائنل اپنے نام کیا تو اس ٹیم کے سپر اسٹار فٹ بالر کائلان ایمباپے نے نہ صرف میدان میں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اپنی حریف ٹیم کے کھلاڑی کو تسلی دے کر سب کے دل جیت لیئے۔
گزشتہ روز مراکش نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم سیمی فائنل میں شکست کے بعد فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
میچ کے اختتام پر کائلان ایمباپے موروکو کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیئے، شکست کے غم سے نڈھال مراکش کے کھلاڑی اشرف حکیمی کو گلے لگا کر تسلی دی۔
صرف اتنا ہی نہیں میچ کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھی اپنی تصویر اشرف حکیمی کے ہمراہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہر کوئی آپ پر فخر کرتا ہے آپ نے تاریخ رقم کردی‘۔
میچ کے اختتام کے بعد کھیل کے میدان میں جب فرانسیسی کھلاڑی جیت کا جشن منا رہے تھے، اس وقت کائلان ایمباپے نے اپنے ساتھ فٹبالر اشرف حکیمی کے غم میں شریک ہوتے ہوئے ان سے اپنی شرٹ تبدیل کرکے فرانسیسیوں کی جیت میں مراکش کو بھی شامل کرلیا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا فائنل اتوار کو فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں لیونل میسی کی ارجنٹینا نے کروشیا کو 3 صفر سے شکست دے تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2 صفر سے ہرایا تھا۔
Comments are closed.