فرانس میں ہنگاموں کی وجہ بننے والے پولیس کے ہاتھوں نوجوان قتل کیس میں گواہ کی آڈیو منظر عام پر آگئی۔
برطانوی میڈیا اسکائی نیوز نے سوشل میڈیا پر ایک آڈیو شیئر کی ہے۔ زیر گردش آڈیو حادثے کے وقت مقتول نوجوان کے ساتھ کار میں سوار دوست کی ہے۔
مقتول کے دوست نے کہا کہ سب کچھ اس کی آنکھوں کے سامنے ہوا، وہ کار میں موجود تھا، پولیس نے ناہیل پر تشدد کیا۔
اسکا کہنا تھا کہ پولیس نے ناہیل پر بندوق کے بٹ مارے، متعدد بار گولیاں مارنے کی دھمکی بھی دی۔
اس نے یہ بھی بتایا کہ تشدد کے باعث مقتول دوست کا پاؤں بریک پیڈل سے ہٹا تو گاڑی آگے بڑھ گئی، جس پر پولیس نے ناہیل پر فائرنگ کردی۔
خیال رہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہے کہ بےقابو گاڑی کھمبے سے جاٹکرائی، پولیس اہلکار بھی پہنچ گئے تو بیان دینے والا نوجوان گاڑی سے نکل کر بھاگ گیا۔
آڈیو پیغام میں دوست نے مزید کہا کہ اسے بھی قتل کیے جانے کا ڈر تھا اس لیے بھاگ گیا۔
Comments are closed.