وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو اس بات پر فخر ہے کہ فیفا ورلڈکپ قطر 2022ء کا آفیشل میچ بال ’الریحلہ‘ پاکستان میں بنایا گیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج قطر کے شہر دوحہ میں فیفا ورلڈکپ ’اسٹیڈیم 974‘ کا دورہ کیا۔
اسٹیڈیم پہنچنے پر وزیراعظم کو اسٹیڈیم کا گائیڈڈ دورہ کروایا گیا اور انہیں فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔
وزیراعظم نے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے لیے جدید ترین سہولیات کے قیام میں قطر کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے فٹبال اسٹیڈیم کی شان و شوکت اور اس سے منسلک سہولیات کی تعریف کی جس میں قطری ثقافت اور شناخت کی عکاسی کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے قطر کے عوام اور قیادت کو میگا ایونٹ کے انعقاد میں شاندار کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ورلڈکپ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں پاکستانی افرادی قوت کے اہم کردار کو بھی سراہا۔
Comments are closed.