جمعرات 17؍رجب المرجب 1444ھ9؍فروری 2023ء

فخر زمان کیلئے لاہور اور کراچی کے میچ کی کیا اہمیت ہے؟

پاکستان سُپر لیگ کی چیمپین لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان کو بھی لاہور اور کراچی کا سخت حریف ہونا پسند ہے۔

لاہور قلندرز کے ٹریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بیٹر فخر زمان نے کہا کہ لاہور اور کراچی کی ایک دوسرے سے رقابت پرانی ہے، اس میچ کا بہت مزہ آتا ہے، کراؤڈ بہت زیادہ ہوتا ہے، ایسے میں ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ اچھا پرفارم کرے۔

فخر زمان نے کہا کہ میرا مقصد یہی ہے کہ اس سیزن میں ٹاپ اسکورر بننا ہے اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کو جتوانا ہے، پی ایس ایل سے قبل کیمپ میں بڑی اچھی تیاری کرنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹ سیشنز کے بعد میچز بھی کھیلے ہیں، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملا جس کا پی ایس ایل میں فائدہ ہوگا۔

فخر زمان نے کہا کہ میں انجری سے واپس آیا ہوں اس لیے کوشش یہی تھی کہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ کھیلوں، وقت گزاروں تاکہ گیند بیٹ پر آئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نئی چیز کرنے کی کوشش نہیں کی، بنیادی چیزوں پر کام کیا، ریورس سویپ کھیلنا پریکٹس کا حصہ ہے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر فخز زمان نے کہا کہ ٹیم کو بننے میں وقت لگتا ہے، لاہور قلندرز کو بننے میں پانچ چھ برس لگ گئے، اب ہماری ٹیم متوازن ہے، ہمارے بہت زیادہ چانسز ہیں۔

فخر زمان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرتے ہیں، گزشتہ سیزن میں بھی ٹاپ کے بیٹر مقامی تھے لیکن ایسا ہے کہ غیرملکی کھلاڑی جب پرفارم کرتے ہیں تو ان کو زیادہ ہائی لائٹ کر دیا جاتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف بنگلادیش پریمیئر لیگ کو چھوڑ کر پی ایس ایل کھیلنے کے لیے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

سکندر رضا کو فخر زمان نے لاہور قلندرز کی ٹیم میں ایک اچھا اضافہ قرار دیا ہے اور کہا کہ وہ اس وقت کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ اور لیگز میں تسلسل کے ساتھ کھیل رہے ہیں، ان کی وجہ سے فائدہ ہوگا۔

فخر زمان نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارا بولنگ اٹیک بہت شاندار ہے، سکندر رضا اور راشد خان اٹیک میں شامل ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی پوری دنیا میں دھوم ہے، گزشتہ سیزن جیسی ہی کارکردگی دہراِئیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.