پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہ نواز دہانی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کےلیے فاسٹ بولرز میں مقابلہ سخت ہوگیا ہے۔ وہاب ریاض کی طرح سندھ کے وزیر کھیل بننے کا موقع ملا تو کرکٹ اکیڈمیز بنائیں گے۔
حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگے پاکستان شاہینز کے کیمپ میں جیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز دہانی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان کو مزید اچھے فاسٹ بولر مل گئے ہیں، اب فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ سخت ہوگیا ہے۔ ہر فاسٹ بولر کم بیک کےلیے خود کو زیادہ فٹ رکھنے کی کوشش کرے گا اور ساتھ ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھی بھرپور کوشش کرے گا، فاسٹ بولرز کے درمیان مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔
شاہنواز دہانی نے کہا کہ وہ بیٹنگ پر زیادہ توجہ تو نہیں دے رہے البتہ اپنی بولنگ میں مزید نکھار لانے کےلیے محنت کر رہے ہیں کیونکہ وہ بولنگ کی وجہ سے ہی ٹیم میں جگہ بنا سکیں گے اس لیے وہ بولنگ پر زیادہ کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شاہنواز دہانی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے پہلے ہی میچ میں انجری کے شکار ہونے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے، اب وہ پاکستان شاہینز ٹیم کے ساتھ زمبابوے جارہے ہیں۔
شاہنواز دہانی نے کہا کہ یہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا سال ہے اس لیے دورہ زمبابوے پر کوشش کریں گے ٹاپ پرفارمر بنیں اور ٹیم میں کم بیک کریں اور میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں۔
شادی سے متعلق سوال کے جواب میں دہانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یا گھر والوں نے لڑکی تو پسند نہیں کی البتہ گھر والوں نے کہا ہے کہ ایک سال میں شادی کردی جائے گی۔
نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز ٹیم کی مصروفیت کی وجہ سے عید اس بار ملک سے باہر ہوگی، عید پر گھر والوں کا کھانا، پھر عیدی ملنا اور گاؤن والوں کے ساتھ عید منانے کے موقع مس کروں گا۔
Comments are closed.