غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے آئی جی پنجاب عثمان انور کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز کا اجلاس ہوا۔
پنجاب کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلاء کے حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے، 3 نومبر سے پنجاب بھر میں مرحلہ وار غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے انخلاء کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے غیرقانونی مقیم افراد کا انخلاء ہو گا۔
عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مخصوص پوائنٹس سے پنجاب کی حدود سے باہر منتقل کیا جائے گا، ان کو منتقلی کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے پنجاب سے انخلاء کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔
Comments are closed.