پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

غیرقانونی مقیم افراد کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن

پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کی ملک بدری کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن ہے، گزشتہ روز تین ہزار کے قریب افغان باشندے افغانستان واپس جانے کے لیے پاک افغان سرحد باب دوستی پہنچے، چمن میں کرائے پر رہنے والے افغان باشندوں کو گھر خالی کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کرائے جارہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چمن راجہ اطہر عباس کے مطابق افغان شہریوں کی مرضی سے وطن واپسی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 

پیر کو تین ہزار کے قریب افغان شہری وطن واپس جانے کیلئے باب دوستی پہنچے جن میں سے دیر سے آئے آٹھ سو افغانی باب دوستی گیٹ کے مقررہ وقت پر بند ہونے کے باعث افغانستان نہ جاسکے۔ 

ان افغان خاندانوں کو باب دوستی گیٹ پر رہائشی کیمپ کرکے کھانا بھی فراہم کیا گیا، دوسری طرف رات گئے ضلع کے دور دراز علاقوں، محلوں اور دیہات کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے افغان شہریوں کو گھر خالی کرنے کی وارننگ دی گئی، یہ بھی کہا گیا کہ یکم نومبر سے پہلے گھر خالی نہ کرنے والے افغانیوں اور مالک مکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

چمن میں گزشتہ روز محلوں، دیہات کی مساجد سے افغان شہریوں کو کل تک گھر خالی کرنے کی وارننگ دی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.