وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی، وفاق کے نوٹی فکیشن کے باوجود سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چارج چھوڑنے سے انکار کر دیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چارج نہیں چھوڑ رہا، جب تک پنجاب حکومت نہیں چھوڑے گی، نہیں جاؤں گا۔
ذرائع کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف پر مقدمہ درج کرنے پر ہٹایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو یہ مقدمہ درج کرنے سے منع کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی جی پنجاب نے مقدمے کے اندراج کے لیے انہیں لیگل رائے لینے کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سی سی پی او نے 7 روز میں چارج نہ چھوڑا تو وفاق انہیں معطل کر سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی زیرِ صدارت آج دوپہر ویڈیو لنک کانفرنس ہو رہی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو بھی آج صبح پیغام بھیج کر اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
Comments are closed.