اتوار 14؍ربیع الاول 1445ھ یکم؍اکتوبر 2023ء

غصب شدہ حقوق کی بازیابی کا آغاز ہوچکا، ڈاکٹر فاروق ستار

سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمارے غصب شدہ حقوق کی بازیابی کا آغاز ہوچکا ہے۔

ملیر سعودآباد میں جلسے سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان جدوجہد کی داستان ہے، ہم نے کراچی کی 70 لاکھ آبادی کو بازیاب کروایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بنانے والوں کی اولادوں کو ہلکا نہ لو، یہ تو طے ہے کہ آج سے ایم کیو ایم پاکستانن اپنی باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ سال 2023 اس بات کا اعادہ ہے کہ پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل ہی پاکستان بچائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے نے طے کر دیا کہ ایم کیو ایم یہاں گراؤنڈ پر موجود ہے، یہ ایک سیاسی قوت ہے، جسے دبایا تو گیا لیکن ختم نہ کیا جاسکا۔

سینئر ڈپٹی کنوینر نے یہ بھی کہا کہ جنوری سے اب تک اتحاد کا جو سفر شروع ہوا، آج کا جلسہ اس کی کامیابی کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تقسیم ختم ہوئی تو ایک کے بعد ایک خوشخبری دروازے پر دستک دینے لگی۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے وڈیرے جاگیردار ایک عرصے سے آپ کے حقوق پر قابض تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.