عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے غزہ کے لیے 20 امدادی ٹرکوں کی اجازت کو سمندر میں قطرہ قرار دے دیا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے کہا ہے کہ غزہ میں کم از کم 2 ہزار امدادی ٹرکوں کی اجازت ہونی چاہیے تھی۔
دوسری جانب یو این ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ کے لیے 951 ٹن خوراک رفاہ کراسنگ کے راستے میں ہے، غزہ کے لیے امداد کی رسائی ممکن نہیں ہو رہی اور صورتِ حال دن بدن خراب ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے دورۂ اسرائیل میں پہلے مرحلے میں 20 ٹرک غزہ جانے کی اجازت کا اعلان کیا تھا۔
علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کے آزاد ماہرین نے غزہ میں امداد کی رسائی نہ ہونے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی پریس ریلیز میں یو این کے آزاد ماہرین کا بیان شامل ہے۔
یو این ماہرین کا کہنا ہے کہ غزہ کا مکمل محاصرہ اور انخلاء کے ناممکن احکامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، غزہ سے زبردستی منتقلی بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
یو این ماہرین کا کہنا ہے کہ غزہ کا محاصرہ، امداد کی رسائی نہ دینا اور جبری منتقلی ناقابلِ بیان حد تک ظالمانہ بھی ہے۔
یو این ماہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی، امداد کی فوری رسائی اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
یو این ماہرین نے غزہ کے اسپتال پر حملے کو خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیا ہے۔
یو این ماہرین کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مہم انسانیت کے خلاف جرائم کا نتیجہ ہے، اسرائیلی رہنماؤں اور اتحادیوں کے بیانات اور کارروائیاں فلسطینی نسل کشی کے خطرے کی علامت ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے یو این ماہرین کے بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔
اسرائیلی سفیر کا کہنا ہے کہ یو این سینئر حکام کے یہ بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کس قدر مسخ شدہ ہے۔
Comments are closed.