غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آغاز آج صبح 7 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے) سے ہوگا۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ اعلان ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ مجید الانصاری نے بتایا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے وقت کے مطابق 4 بجے سہ پہر (پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے) تک حماس کے پاس موجود 13 اسرائیلی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کو رہا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے یرغمالیوں کو اکٹھے رہا کیا جائے گا، مزید یہ کہ روزانہ کی بنیاد پر یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور 4 دنوں میں مجموعی طور پر 50 یرغمالی رہا کیے جائیں گے۔
مجید الانصاری کا کہنا تھا کہ عارضی جنگ بندی کے دوران مزید یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز اسرائیل کی جانب سے رہا کیے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد معلوم نہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوجی ریڈیو کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت 39 فلسطینی قیدیوں کی رہائی متوقع ہے، اسرائیلی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کے اسرائیل پہنچنے پر فلسطینی قیدی چھوڑے جائیں گے۔
ریڈیو کا مزید کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی پر اسرائیلی فوج کو جشن کی اجازت نہ دینےکی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.