غزہ میں بجلی کی بندش: ’ہمارے پاس جلانے کے لیے موم بتیاں بھی نہیں‘

غزہ

  • مصنف, عدنان البرش
  • عہدہ, غزہ، بی بی سی نیوز عربی

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی بجلی منقطع کرنے کے بعد جبالیہ کے شمالی علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ رہنے والی 36 سالہ فلسطینی خاتون فاطمہ علی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بغیر ان کی پہلی رات ناقابل برداشت تھی۔

عمارتوں پر گرنے والے اسرائیلی گولوں کی دھماکوں نے اسے تقریباً ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’غزہ اب مکمل اندھیرے میں ہے۔‘

وہ خوف سے کانپ رہی ہیں۔

فاطمہ لرزتی ہوئی آواز میں کہتی ہیں کہ ’ہمارے پاس جلانے کے لیے موم بتیاں بھی نہیں ہیں۔ دکانیں بند ہیں اور ہمارے پاس صرف ایک چھوٹی سی ایل ای ڈی ٹارچ ہے جو عام طور پر صرف پانچ گھنٹے چلتی ہے۔‘

وہ بجلی کی فراہمی کے بغیر صورتحال کو ’غیر انسانی‘ قرار دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ بجلی کی کمی پینے اور نہانے کے لیے پانی کی فراہمی کو متاثر کرتی ہے۔ ’بجلی نہ ہونے کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس پانی نہیں پہنچایا جائے گا۔‘

اسرائیل کی طرف سے نو اکتوبر کو غزہ کا مکمل محاصرہ کرنے کے حکم کے دو دن بعد تقریباً دوپہر دو بجے پوری پٹی کی بجلی منقطع کر دی گئی تھی۔

فاطمہ اور ان کے بوڑھے والدین اس وقت پانی کے دو چھوٹے ڈرموں پر انحصار کر رہے ہیں جو انھوں نے اسرائیلی حملے سے پہلے ذخیرہ کیے تھے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’بجلی نہ ہونے کا مطلب ریفریجریشن نہیں، اس لیے کھانے کی فراہمی بھی محدود ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’فریج میں کھانا بالکل خراب ہو گیا ہے اور ہم نے اسے کوڑے دان میں پھینک دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے خاندان کو دن میں پانچ بار نماز کے لیے وضو کرنا بھی بہت مشکل ہو رہا ہے۔

فاطمہ
،تصویر کا کیپشن

فاطمہ اور ان کے بوڑھے والدین اس وقت پانی کے دو چھوٹے ڈرموں پر انحصار کر رہے ہیں جو انھوں نے اسرائیلی حملے سے پہلے ذخیرہ کیے تھے

’ہم صرف تھائم اور زیتون پر انحصار کر رہے ہیں‘

بجلی کے منقطع ہونے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فاطمہ اور ان کی عمارت میں مقیم تقریباً ان کے تمام پڑوسی اپنی کم ہوتی خوراک اور پانی کے ذخیرے کو زیادہ سے زیادہ دیر تک برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’ہمارے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے سوائے اس کے کہ جو جنگ شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس بچا ہوا تھوڑا سا ذخیرہ تھا۔ ہم صرف تھائم اور زیتون پر انحصار کر رہے ہیں۔‘

وہ کہتی ہیں بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ’میرے بھانجے اور بھانجی جو میرے بہن بھائیوں کے ساتھ اسی عمارت میں دوسری منزلوں پر رہتے ہیں، وہ سب سے زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں۔‘

فاطمہ روتے ہوئے بتاتی ہیں کہ کس طرح ان بچوں کے لیے کھیلنے یا اپنے بچپن سے لطف اندوز ہونے کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

غزہ

’یہ تباہ کن جنگ ہے‘

مواد پر جائیں

ڈرامہ کوئین

ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

جب میں شمال مشرقی غزہ میں جبالیہ کے گنجان پناہ گزین کیمپ میں پہنچا تو لوگ اپنے تباہ شدہ گھروں سے بھاگ رہے تھے۔ سب سے زیادہ خوش قسمت لوگ اپنے ساتھ لے جانے کے لیے کمبل یا کپڑے پکڑ سکے تھے۔

میرے لیے اس کیمپ میں زندگی تقریباً ناممکن لگتی ہے، کیونکہ اسے بار بار اسرائیلی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے اندر بھی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔

کیمپ کے وسط میں روتے ہوئے ایک شخص نے کہا کہ ’ہمارے پاس نہ پانی ہے، نہ کھانا، اور نہ ہی ہوا ہے۔‘ وہ مزید کہتے ہیں ’یہ کیسی زندگی ہے؟‘

ان کے ساتھ کھڑا ایک اور شخص چیختا ہے کہ ’یہ کوئی عام جنگ نہیں، یہ تباہی کی جنگ ہے۔‘

کیمپ میں موجود درجنوں فلسطینی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ صورت حال سنگین ہے۔

ستر کے پیٹے میں ایک فلسطینی ابو صقر ابو روکبہ اپنے تینوں بچے کھو چکے ہیں۔ انھوں نے روتے ہوئے مجھے اپنا حال بیان کیا کہ ’میں نے اپنا سارا خاندان کھو دیا ہے۔ جب میں اپنے بچوں کو دفنانے کے لیے قبرستان گیا اور واپس آیا تو دیکھا کہ میرا گھر مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ کہاں جاؤں۔‘

غزہ

کیمپ میں موجود افراد میں سے کچھ دوسرے علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں سے بچنے کے بعد چند دن پہلے یہاں پہنچے تھے۔

لیلیٰ (فرضی نام) نے بتایا کہ وہ غزہ کی پٹی کے شمال مشرقی کنارے پر واقع بیت حنون سے آئی تھیں اور انھیں جبالیہ میں بھی ایک بدتر صورتحال کا سامنا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے اپنے شوہر اور اپنے بیٹے کو کھو دیا ہے۔ میرے باقی بچے شدید زخمی ہیں۔‘

وہ اپنے آنسو روکنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ہر روز ہمیں گولہ باری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر ایک دن۔‘

غزہ

یہ بھی پڑھیے

غزہ میں خوراک کا ذخیرہ ختم ہو رہا ہے

خوراک اور پانی کی کمی پر بے گھر افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی خوراک کے محدود سٹاک اور خیراتی اداروں پر انحصار کرتے ہیں۔

وہ مجھے بتاتے ہیں کہ امکان ہے اگلے ہفتے کے اوائل تک سپلائی ختم ہو جائے گی۔ کچھ کو پانی کی کم سے کم فراہمی کے لیے قریبی کنوؤں کا سہارا لینا ہو گا۔

دوسرے لوگ روایتی طریقے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جیسے موم بتیاں روشن کرنا تاکہ وہ رات کو دیکھنے کے قابل ہو سکیں کیونکہ غزہ میں بجلی منقطع ہے۔

ایندھن کی کمی کا سامنا

پاور جنریٹرز چلانے کے لیے ایندھن تلاش کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ ان میں سے بہت سے لوگوں کے لیے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے، جو کبھی جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو برسوں سے اپنا واحد گھر سمجھتے تھے۔

اوپر آسمان میں سیاہ دھوئیں کے بادل اڑتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی صبح بارود کی تیز بو سے شروع ہوتی ہے جو ان کے ناک کو بند کر دیتی اور انھیں کھانسی کرتی ہے۔

فضلہ پروسیسنگ کی سہولیات بجلی کے بغیر نہیں چل سکتیں۔ میں نے تاریک اور بھیڑ والے کیمپ کے ارد گرد چہل قدمی کی اور دیکھا کہ کچرے کے ڈھیر بڑھنے لگے ہیں اور بہت دور تک پھیل رہے ہیں۔

جبالیہ کیمپ کے گلیوں میں کوڑے کے ڈھیر لگ رہے ہیں۔ وہ کیڑے مکوڑوں اور جراثیم کی آماجگاہ بن چکے ہیں اور اس سے میرے ذہن میں کسی وبا کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔

اس کیمپ میں جو کبھی اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کا سکول تھا اور یہ تنظیم ان کے لیے کام کرتی تھی، اب اس سکول میں سینکڑوں لوگ چھوٹے چھوٹے کلاس رومز میں بند ہیں۔

سکول اب ایک پناہ گاہ کے طور پر کام کر رہا ہے جو پہلے ہی بے گھر لوگوں سے بھرا ہوا ہے۔

تیس کے پیٹے میں ایک شخص نے ابھی اپنے خاندان کو پناہ دینے کے لیے ایک عارضی خیمہ بنایا ہے۔

وہ مجھے اپنی خستہ حال پناہ گاہ دکھاتے ہوئے کہتے ہیں۔ ’میں نے سکول کی جگہ میں توسیع کرنے کے لیے کچھ نائیلان، پلاسٹک اور لکڑی اکٹھی کی تھی۔ لوگوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘

غزہ

،تصویر کا ذریعہReuters

’بچوں کے دم گھٹ رہے ہیں‘

سکول کے بالکل سامنے میں نے ایک آدمی کو دیکھا جو جلدی سے ایک چھوٹے بچے کو ایمبولینس میں لے جا رہا تھا۔ پیرامیڈک بچے کو آدمی سے لے لیتا ہے۔

وہ مجھے بتاتے ہیں کہ کہ ایمرجنسی سروسز بہت سے بچوں اور خواتین کا علاج کر رہی ہیں جو بم دھماکوں کی وجہ سے دھوئیں اور گرد وغبار کی وجہ سے دم گھٹنے میں مبتلا ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بجلی کا منقطع کیا جانا ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے لیے تباہ کن ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ 1100 گردے کے ڈائیلاسز کے مریضوں کی زندگیاں، جن میں 38 بچے بھی شامل ہیں، خطرے میں ہے۔

وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجلی کی کمی کی وجہ سے انکیوبیٹرز میں 100 بچوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے جنھیں اب مزید چلایا نہیں جا سکتا۔

BBCUrdu.com بشکریہ