عرب و اسلامی ممالک کے سربراہان جو کام نہ کرسکے وہ کام بچے سرانجام دے رہے ہیں۔
کبھی فلسطینی رویا حسونہ اوڈ کی دھن پر غزہ کے معصوم بچوں کا دھیان بٹانے کی کوشش کرتی نظر آرہی ہے تو کبھی فہد ان مظلوموں کی بھوک مٹانے میں مصروف عمل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مصر سے تعلق رکھنے والے فہد نامی لڑکے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں فہد کو غزہ پٹی اور مصر کی سرحد پر قائم سرحدی دیوار میں بنائے گئے سوراخ سے روٹی پہنچاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو کے مطابق یہ مصری نوجوان اب تک تقریباً 1 ہزار روٹی غزہ کے مظلوموں تک پہچا چکا ہے۔
وائرل ویڈیو لیلیٰ فاطمہ نامی صارف نے شیئر کی جس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ مصر اور غزہ کی سرحدی دیوار میں سوراخ کرکے یہ نوجوان غزہ کے رہائشیوں کو روٹی پہنچا رہا ہے، اس مصری نوجوان کا جوش بہت سے عرب اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے زیادہ ہے۔
ایکس صارف نے مزید لکھا کہ فہد کا کہنا ہے کہ میں اب تک ان کو ایک ہزار روٹیاں پہنچا چکا ہوں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جس میں 8 ہزار سے زائد بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
Comments are closed.