بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عید کے بعد حکومت مخالف تحریک میں تیزی لائیں گے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی سماجی دہشت گردی کے نتیجے میں عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے، حکومت کی خرابی دراصل تمام خرابیوں کی جڑ ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ  حکومت ابتدائی نوے دنوں میں عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے تکالیف میں اضافے کا باعث بنی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن میں ناقابل یقین حد تک اضافہ شرم ناک ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم کی حکومت سبھی آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں۔ خطرناک پولرائزیشن نے سیاست میں گالم گلوچ، بدتہذیبی اور عدم برداشت کو جنم دیا۔

انہوں نے کہاکہ  تیرا چور مردہ باد، میرا چور زندہ باد کے فلسفے کی وجہ سے ملک میں کبھی حقیقی احتساب کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ جماعت اسلامی عام آدمی کی آواز بن کر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ جب تک سود ی نظام کے خاتمے کی طرف سفر شروع نہیں کیا جاتا، ملک میں اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور برکت نہیں آ سکتی۔

سراج الحق کاکہنا تھا کہ  جماعت اسلامی عیدالاضحی کے بعد حکومت مخالف تحریک میں مزید تیزی لائے گی، جون کی شدید گرمی میں ریلوے سٹیشنز پر استقبال کے لیے آنے والے لوگوں کا جذبہ قابل تحسین تھا۔ ٹرین مارچ میں عوامی پذیرائی سے واضح ہو گیا کہ عوام نام نہاد تینوں بڑی سیاسی جماعتوں سے سخت نالاں اور اکتا چکے ہیں۔

انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے، مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف کامیاب ٹرین مارچ کے انعقاد پر ذمہ داران کو مبارک باد دی۔

You might also like

Comments are closed.