پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے عید کی چھٹیوں میں گرفتاری کے خدشہ کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔
عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت عید کی چھٹیوں میں گرفتار کرنا چاہتی ہے اور زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
عید کے دنوں میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے۔
اس درخواست وفاق کو بذریعہ سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہے اس لیے رجیم چینج کے بعد سے فریقین عمران خان کو پی ڈی ایم حکومت کی ایما پر ہراساں کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش کی گئی، ان کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کیے گئے۔ خدشہ ہے کہ اسلام آباد آنے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔
اس میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ خفیہ انداز میں کوئی مقدمہ درج کیا گیا تو اس کی معلومات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔
Comments are closed.