جمعرات 10؍ذوالحجہ 1444ھ29؍جون 2023ء

عید قربان پر لذیذ کلیجی بنانے کے آسان طریقے

قربانی کے گوشت میں سے سب سے پہلے پکنے والی کلیجی سے متعلق اگر سمجھ نہیں آ رہا کہ کیسے پکائی جائے تو سوچ سوچ کر ہلکان نہ ہوں، ہماری جانب سے چند مزے دار تراکیب حاضرِ خدمت ہیں، جو دِل چاہے، منتخب کریں اور اپنا دسترخوان سجا لیں۔

اجزاء:

مٹن کلیجی ایک پاؤ، کچا پپیتا تین کھانے کے چمچ، گرم مصالحہ آدھا کھانے کا چمچ، نمک حسب ضرورت، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، لہسن ادرک پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، تیل چھ کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا ہری مرچ گارنش کے لیے۔

فرائی کلیجی پکانے کی ترکیب:

کلیجی کو چھوٹی بوٹیوں میں کاٹ کر اچھی طرح دھو لیں، پھر اس میں سوائے تیل کے تمام مصالحے لگا کر دو گھنٹے میرینٹ کرلیں، فرائی پین میں تیل ڈال کر ہلکا گرم کریں پھر اس میں مصالحہ لگی تمام کلیجی ڈال کر ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

کلیجی گل جائے تو اچھی طرح اتنا فرائی کریں کہ تیل اوپر آجائے، سرونگ ڈش میں نکال لیں، ہرادھنیا اور ہری مرچیں باریک کاٹ کر ڈال دیں، منفرد فرائی کلیجی تیار ہے۔

اجزاء:

بکرے کی کلیجی آدھا کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، ٹماٹر (چوکورکاٹ لیں) دو عدد، شملہ مرچ (کیوبز میں کاٹ لیں) دو عدد، ہری مرچ (کاٹ لیں) دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ،ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت سیاہ مرچ آدھا چائے کا چمچ،بڑی الائچی دو عدد، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کیچپ ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے گرائنڈر میں ثابت دھنیا، سفید زیرہ، کالی مرچ، الائچی اور ہلدی ڈال کر اچھی طرح گرائنڈ کرلیں، تاکہ پاؤڈر بن جائے۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے پیاز براؤن کرلیں اور اس میں ٹماٹر ڈال کر گلنے دیں۔

بعد ازاں کلیجی ڈال کر 5 منٹ تک فرائی کریں، پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کے مزید بھون لیں۔

اب اس میں کیچپ، گرائنڈ مسالا اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 15 سے 20 منٹ کے لیے پکنے دیں، جب خوشبو آنے لگے تو شملہ مرچ اور ہری مرچیں ڈال کر بھونیں اور ہرا دھنیا چِھڑک کر دَم دے دیں۔

اجزا:

کلیجی، سرکہ 4 سے 5 کھانے کے چمچ ، تیل 1 کپ، ادرک لہسن پیسٹ ڈیرھ کھانے کا چمچ، ہلدی 1 چائے کا چمچ، گرم مصالحہ پاؤڈر 1 چائےکا چمچ، کٹی لال مرچ 1 چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، بھنا کٹا ہوا زیرہ 1 چائے کا چمچ، تلی ہوئی پیاز آدھا کپ، لیمو رس 1 کھانے کا چمچ، دہی 1 پاؤڈر، نمک حسب ذائقہ، ادرک لمبی کٹی ہوئی، موٹی مرچیں 2 سے 3 ، ہرا دھنیہ3 سے 4 ٹہنیاں ، کوئلہ 1 چھوٹا ٹکڑا ۔

ترکیب:

سب سے پہلے کلیجی صاف کریں اور اس میں سرکہ لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد اسے ابال لیں اور پھر چھلنی میں چھان کر ایک جگہ رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے۔

1 کپ تیل میں 1 درمیانی پیاز ڈال کر تلیں، اسے نکال کر ٹرے میں ڈال کے سوکھائیں اور پاؤڈر بنالیں۔

پھر پیاز والے بچے تیل میں کلیجی ڈالیں اور ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کر کے خوب بھونیں جب کلیجی سے بساند نکل جائے تو اس میں ہلدی، گرم مصالحہ، بھنا کٹا ہوا زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ پاؤڈر، لیموں کا رس اور نمک حسب ذائقہ شامل کر کے مکس کریں پھر دہی میں تلی پیاز پاؤڈر ملا کر کلیجی میں ڈال دیں اور اسے درمیانی آنچ پر پکنے دیں جب تک کہ تیل الگ نہ ہوجائے۔

بعد ازاں کوئلے کا ٹکڑا جلا کر ایک روٹی کے حصے میں رکھ کر اسے کلیجی کے اندر رکھ دیں اور 5 سے 7 منٹ تک باریک آنچ پر ڈھکن ڈھک دیں۔

اسموک ہوجائے تو کلیجی کو ڈش میں نکالیں اور اس پر ادرک، دھنیا سمیت مرچیں گارنش کرکے دسترخوان پر پیش کریں۔

اجزاء: کلیجی 1 کلو، ادرک لہسن پیسٹ 2 کھانے کے چمچ، گھی حسب ضرورت، ہری مرچ 6 سے 8 عدد، کالی مرچ ثابت 10 سے 8 عدد، ہرا دھنیہ1 گٹھی، ہلدی 1 چائے کا چمچ، زیرہ بھنا پسا ہوا1 چائے کا چمچ ، گرم مصالحہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ ، لیموں 1 عدد رس نکلا ہوا۔

ترکیب:

سب سے پہلے کلیجی صاف کریں اور اس میں سرکا لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد اسے ابال لیں اور پھر چھلنی میں چھان کر ایک جگہ رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے۔

ہری مرچیں، کالی مرچیں اور ہرا دھنیہ تھوڑا پانی ڈال کر گرینڈ کر کے ہرا مصالحہ پیسٹ بناکر رکھ لیں۔

پھر سب سے پہلے ایک پین میں گھی، کلیجی اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر کلیجی کو خوب بھونیں تاکہ بساند نکل جائے۔

اب اس میں ہرا مصالحہ شامل کریں اور اسے درمیانی آنچ پر بھوندیں پھر اس میں زیرہ، ہلدی، گرم مصالحہ اور نمک حسب ذائقے ڈالیں جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں لیموں کا رس ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں اور اس کے بعد دستر خوان کی زینت بنائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.