مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومتی اتحادیوں کے رویے کو جمہوریت کے لیے نیک شگون قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ اجلاس کا التواء عمران نیازی کی اکثریت کھودینے کی علامت ہے، مہنگائی کے ستائے عوام کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے۔
ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعدحکومت سیاہ قوانین واپس لے، حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ووٹنگ مشین، انتخابی اصلاحات کے قوانیں واپس لے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا اور تاریکی میں ملتوی کردیا گیا، رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہیں، مشترکہ اجلاس کا التواء عمران نیازی کی اکثریت کھودینےکی علامت ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں۔
Comments are closed.