صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی چھین کر عوام کو حقِ معلومات سے محروم رکھنا تشویشناک ہے۔
کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمینڈ) نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حقِ معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے، عدلیہ کے بعض فیصلے حیران کن ہیں جن کے تحت سائفر سمیت بعض اہم مقدمات کی کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
صحافتی تنظیموں کی جانب سے کہا گیا کہ گھٹن زدہ ماحول میں عدلیہ ہی ریلیف کا واحد دروازہ ہے، لیکن اگر یہ دروازہ بھی بند محسوس ہو تو صورتِ حال مزید خراب نظر آتی ہے۔
تنظیموں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں میڈیا کو درپیش صورتِ حال کا فوری نوٹس لیں اور اظہارِ رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
Comments are closed.