
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پورے ملک کی آواز سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑانا ہے، عوام کو بہت جلد ایک جمہوری حکومت ملے گی، بلاول لوگوں تک اپنا پیغام لے کر جارہے ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم آج کے خطاب میں بھی وہی پرانی باتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کی حق تلفی کر رہی ہے، پورے ملک کی آواز ہے کہ اس حکومت سے جان چھڑائی جائے، بلاول بھٹو کا بھی یہی کہنا ہے ، اتحادی خود وفاقی حکومت پر الزامات لگاتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک آئینی طریقۂ کار کا اعلان ہو چکا، تحریک عدم اعتماد کا اعلان ہوچکا ہے، تمام سیاسی جماعتیں آواز بنیں، تحریک عدم اعتماد آئے گی، عمران خان کی حکومت کو اب گھر جانا ہوگا۔
ان کاکہنا تھا کہ بلاول کے ساتھ لوگوں کی بڑی تعداد 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گی، ہم حکومت کو نیند سے جگائیں گے، تاکہ بد زبانی چھوڑ کر عوام کا سوچے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج شام وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔
Comments are closed.