پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خواتین سے متعلق ریمارکس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی پی ٹی آئی خواتین ارکان کے خلاف توہین آمیز زبان کی مذمت کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ خواجہ آصف کو اپنی اس شرمناک حرکت پر واضح طور پر معافی مانگنی چاہیے، پارٹی قیادت کو خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ایسی نازیبا زبان پولیس کو خواتین کے خلاف تشدد برقرار رکھنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے، حقوق نسواں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین اراکین کو کھنڈرات اور باقیات قرار دیا تھا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ باقیات رہ گئی ہیں جنہوں نے چیف آف اسٹاف کو باپ کہا تھا۔
پی ٹی آئی اراکین نے خواجہ آصف کے ریمارکس پر سخت احتجاج کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے باپ کا لفظ حذف کردیا۔
Comments are closed.