وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، عدالتی ضمانت ختم ہونے پر یہی سیکیورٹی عمران نیازی کو گرفتار کرلے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں عمران خان کی بنی گالہ واپسی سے متعلق کہا کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ عمران نیازی دو درجن سے زائد مقدمات میں ملزم نامزد ہیں، ان مقدمات میں ملک میں ہنگامہ آرائی،فتنہ و فساد، افراتفری پھیلانا شامل ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ مقدمات میں وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم بھی شامل ہیں، ملک میں فساد فی الارض مچانے والا اخلاقی، جمہوری قدروں سے عاری ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جو اپنے مخالفین کو کبھی غدار اور یزید کہہ کر پکارتا ہے، ایسا شخص جمہوری معاشرے میں سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے؟ یہ پوری قوم کیلئے لمحۂ فکریہ ہے۔
Comments are closed.