گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت خود غرضی اور انا پرستی کا شکار ہے، عمران خان بچوں کو برطانیہ میں رکھ کر دوسروں کے بچوں سے افواج پاکستان پر حملے کروا رہے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا صرف افواج پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دو دن سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات کا سب سے زیادہ چرچا بھارتی میڈیا نے کیا، کیا اس سے پہلے کسی لیڈر کو گرفتار نہیں کیا گیا، ایک کیس چل رہا تھا اس میں نیب نے گرفتار کیا تو کونسی بڑی بات تھی۔
کامران ٹیسوری نے سوال کیا کہ عمران خان کی گرفتاری پر کارکنوں کا ردعمل افواج پاکستان کی طرف ہی کیوں تھا؟، کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ آور، فوج اور گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے والے کیا پاکستانی تھے؟
ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے صبر و تحمل سے سازش کو ناکام بنایا، افواج پاکستان کی طرف سے ایک گولی نہیں چلائی گئی جو بہت سمجھداری تھی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت خود غرضی اور انا پرستی کا شکار ہے، عمران خان کی گرفتاری پر ان کے اہل خانہ کہیں نظر نہیں آئے، عمران خان کی بیگم گرفتاری کے بعد کہاں تھیں؟
انہوں نے کہا کہ کراچی میں برسوں بعد ملنے والی بسیں تک جلا دی گئیں، عمران خان اپنی انا پرستی سے باہر آجائیں، عمران خان بچوں کو برطانیہ میں رکھ کر دوسروں کے بچوں سے افواج پاکستان پر حملے کروا رہے ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ عمران خان کھلاڑی ہیں پہلے پاکستان کے لیے لیکن اب دوسروں کے لیے کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو آنے والے کل میں جب دوسرے ملزم پیش ہوں گے تو انہیں بھی خوش آمدید کہنا ہوگا، آپ نے ایک نئی روایت ڈالی ہے اس پر قائم رہنا پڑے گا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ آئندہ کوئی بھی ملزم مرسیڈیز میں بلایا جائے بکتر بند میں نہیں، عمران خان نے عدالت سے کوئی بیان اپنے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے متعلق نہیں دیا، اگر سب لوگ عمران خان کے خلاف ہیں تو پھر ان کے اندر کوئی خرابی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اس ملک کے لیے سیکیورٹی رسک ہیں، پُرتشدد واقعات میں ملوث کارکن نہیں تھے بلکہ دہشت گرد عناصر تھے، عمران خان کا ایجنڈا صرف افواج پاکستان کو بدنام کرنا ہے، عمران خان کو کل این آر او مل چکا ہے۔
Comments are closed.