تحریک انصاف کے بانی رکن اور ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے نظریۂ ضرورت کو دفن کردیا ہے۔ عمران خان پر فردِ جرم عائد ہوچکی ہے، اب صرف سزا ملنا باقی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو اکاؤنٹس عمران خان نے خود کھولے اور آپریٹ کیے، ان سے لاعلمی کا اظہار کیسے کیا جاسکتا ہے، لاعلمی کا اظہار محض آخری بہانہ ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نا اہل ہوسکتے ہیں تو عمران خان غیرملکی فنڈنگ لینے پر کتنی دفعہ نااہل ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس قانون کا اطلاق ہم پر ہوا، اس کا اطلاق اس کیس میں کیا جائے تو عمران خان کے سارے حواری جیل میں ہونے چاہئیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اس کیس سے بری الذمّہ نہیں ہوسکتی، کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ عمران خان 150 کروڑ کا حساب نہیں دے سکا ہے۔
Comments are closed.