مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی عدم اعتماد کی کل کی کامیابی کا پیشگی اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ اقتدار کے غم میں عمران خان نیازی پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جھوٹ نہ بولیں، خط عوام کو دکھائیں، اقتدار سے چمٹا شخص خود دار نہیں، صرف خود غرض ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عمران خان نیازی نے کل عدم اعتماد کی کامیابی کا آج پیشگی اعلان کردیا، وزیراعظم خط کے معاملے پر جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی عوام کو بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں، سپریم کورٹ نے تمام شواہد دیکھنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی رولنگ کو کالعدم کیا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی، بھوک، افلاس، نفرت پھیلانے والے عوام میں شوق سے جائیں، عمران نیازی آر ٹی ایس سے اقتدار میں آئے تھے، عوام نے مسترد کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدالت، حکومت، سیاست میں ہارنے کے بعد ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، اتحادی، عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا بوجھ مزید اٹھانے کو تیار نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی آئین کے مطابق عدم اعتماد کا مقابلہ کریں، عمران نیازی کے جھوٹ کا جواب کل اسمبلی میں ووٹ کی شکل میں دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو کسی کی ضد، تکبر، دھونس کا یرغمال نہیں بننے دیں گے۔
Comments are closed.