پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران نیازی چاہے روئیں یا چیخیں انہیں این آر او نہیں ملے گا، حکومت کے پاس نمبر گیم ختم ہوچکی ہے، گیم از اوور، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ایم کیو ایم سمیت 173 ارکان شریک تھے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی قسم کا کوئی این آر او عمران خان صاحب کو نہیں دیا جائے گا، آئین قانون کے مطابق تحریک عدم اعتماد منطقی انجام کو پہنچے گی۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر کوئی فیس سیونگ ہے تو وہ عمران صاحب کا استعفیٰ ہے، یہ تمام جماعتوں کا یکجا ہوکر فیصلہ ہے، کوئی دھمکی نہیں ہے، کسی قسم کا سلامتی کونسل یا سکیورٹی کا مسئلہ نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ خط موجود تھا تو اسے پارلیمنٹ میں کیوں پیش نہیں کیا گیا، کبھی جلسوں میں لہرا رہے ہیں کبھی چند صحافیوں کو دکھا رہے ہیں، آپ سیکیورٹی میٹنگ اور آئینی فورمز پر پیش کرتے، یہ تماشے بند کریں، ہمیں ابھی تک اس میٹنگ کی کوئی اطلاع نہیں ہے، میڈیا کی خبریں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک ہر نیشنل سیکیورٹی پارلیمانی میٹنگز کا عمران خان بائیکاٹ کرتے رہے ہیں، اب اعلان ہوا ہے کہ ایک لاکھ بندہ دارالحکومت میں آرہا ہے، دارالحکومت کا امن افسران کے ہاتھ میں ہے، کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔
Comments are closed.