سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمران خان ریاست آئین و قانون کے خلاف کھڑا ہے اسے ملک کی سلامتی، آئین اور قانون سے کوئی لینا دینا نہیں، عمران نیازی خود کو بنکر میں بند کرکے خواتین و بچوں کو آگے کردیتا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جیل بھیجا گیا ہم نے کوئی مزاحمت نہیں کی، ہم قانون اور آئین پر عمل کرنے والے ہیں۔
وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ دنیا کی سیاسی انقلابی اور جدوجہد کی تاریخ میں لیڈران لیڈ کرتے نظر آتے ہیں کسی کو لیڈر اسی وجہ سے کہاجاتا ہے کیونکہ وہ لیڈ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ دور نہیں برصغیر میں قائداعظم، لیاقت علی خان اور سردار عبدالرب نشتر کی جدوجہد دیکھیں سب نے لیڈ کیا کسی نے بچوں یا عورتوں کوڈھال نہیں بنایا، بنکر میں نہیں چھپے، شہید بھٹو اور ان کی بیٹی نے ہمیشہ سیاسی تحریکوں کو لیڈ کیا عوام کی قیادت کی 18 اکتوبر کو شہید بی بی پر حملہ ہوا کارکنان نے کراچی آنے سے منع کیا، انہوں نے کہا کہ میں اپنے کارکنان کے درمیان جاؤں گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 18 اکتوبر کو حملہ ہوتا ہے 19 کو بی بی اسپتال اور شہداء کی فیملیوں کے گھروں پر جاتی ہیں، انہوں نے عورت ہو کر سامنا کیا، میدان عمل میں موجود رہیں اور جان کا نذرانہ پیش کیا۔ عمران خان کی حکومت میں بلاول بھٹو نے عوامی ریلی کی قیادت کی وہ بلٹ پروف گاڑی میں نہیں بیٹھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تاریخ میں مثال نہیں ملے گی عورتوں اور کارکنان کو ڈھال بنا کر رکھا ہوا ہے، ہٹلر بھی بنکر میں چھپا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں کہتی تھی ایماندار ہیں لوگ کہتے تھے اسمارٹ ہے رعایتیں دی گئی آج اسی وجہ سے وہ ریاست کو چیلنج کر رہا ہے۔ کیا ریاست اس کے آگے گھٹنے ٹیک دے لوگوں کی پگڑیاں اچھالو خاتون جج کے خلاف دھمکی آمیز گفتگو کرو، کیوں کہ آپ ہینڈسم ہو سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائی ہوتی ہے ان کے خلاف کیوں نہیں؟
پی پی رہنما نے کہا کہ بھٹو سے بڑا لیڈر پاکستان میں نہیں آیا اس نے آئین دیا بھٹو جیسی مقبولیت کسی کی نہیں رہی۔ کیا پیپلز پارٹی نے عدالتوں کا سامنا نہیں کیا، بھٹو وزیراعظم ہاؤس سے جیل گئے۔ بینظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو نے ڈنڈے کھائے، کارکنان کے ساتھ موجود رہیں، آصف زرداری کو گرفتار کرنے کا فیصلہ ہوا انہوں نے عمران خان کے گرفتار کرنے والوں کو کھانا کھلایا اور ساتھ چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو چاند رات کو گرفتار کیا گیا، انہوں نے مزاحمت نہیں کی ہم قانون کی حکمرانی پریقین رکھتے ہیں، عمران خان کے لئے شام کے وقت بھی عدالتیں کھلتی ہیں ایسی مثال نہیں ملے گی کہ عدالت میں ترانے بجے ہوں عدالت انتظار کرتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خان صاحب بچوں کو آگے کر دیتے ہیں، عمران خان ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ دہرانا چاہتے ہیں، ظل شاہ کے والدین نے تمام حقائق کو دیکھا اور ان کا ساتھ نہ دیا، اگر عمران خان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں تو پھر اس کا احترام کریں۔ عوام کو تکلیف وہ دے رہے ہیں جو پاکستان کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی لاہور میں ہو رہی ہو تو کیا ہم کراچی کو بند کر دیں انہوں نے کہا کہ ہم پولیس سے بات کریں گے کہ پی ٹی آئی کو روڈ بند کرنے نہ دیے اگر کوئی شخص بنکر میں چھپا ہوا ہے تو ریاست کارروائی کرے گی۔ ریاست کی کوشش ہوگی کہ کسی عام آدمی کونقصان نہ ہو۔
Comments are closed.