پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے نیازی گٹھ جوڑ کا تماشہ شروع ہو گیا، یہ تین سال میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ، عمران صاحب سیاسی حسد میں جل رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے کاغذ لہرا کر میڈیا ٹرائل کیا جاتا رہا، شہباز شریف کے خلاف ایک ہی نوعیت کے 2 مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب شہباز شریف کے خلاف مقدمات میں اثرانداز ہونے کی ہر کوشش کر رہے ہیں،حکومت چیف جسٹس سے ان کے اختیار پر سوال کر رہی ہے، عمران صاحب بھول گئے عدلیہ کا کردار انتظامیہ سے الگ ہے۔
لیگی رہنما نے کہاکہ تین سال گزر گئے لیکن نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بے شرم سیاسی انتقام جاری ہے،قوم معاشی بدحالی کی آگ میں اور عمران صاحب سیاسی حسد میں جل رہے ہیں, شہبازشریف کے خلاف نئے مقدمات اور نوٹس عمران صاحب کے خوف کی علامت ہیں ۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عدالت ثبوت مانگتی ہے تو نیب اور ایف آئی اے نیازی گٹھ جوڑ بھاگ جاتے ہیں، حکمران اپنی چوری چھپانے کے لئے میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا انتظام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.