مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو اس نے عثمان بزدار پر پاؤں رکھ دیے۔
اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے مریم نواز نے اپنے خطاب کا آغاز افتخار عارف کے شعر سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی تقریر شعر سے شروع کروں گی، ’یہ کون بول رہا ہے خدا کے لہجے میں ۔۔ یہ وقت کس کی رعونت پر خاک ڈال گیا‘۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جن کے سروں میں خدائی سما جائے، جن کے دماغ میں رعونت بھر جائے، جن کی صبح و شام گالیوں سے شروع ہو، ان کا یہی حشر ہوتا ہے جو عمران خان کا ہوا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابھی حشر کی ابتدا ہوئی ہے، آگے آگے دیکھو ہوتا ہے کیا، یہ تو ابتداء ہی میں عبرت کا نشان بن گیا ہے، آنے والے دن دکھائیں گے کہ ایسے شخص کا کیا انجام ہوتا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ عمران خان نے کل سرکاری وسائل استعمال کیے، سرکاری گاڑیاں استعمال کیں، آپ کے خون پسینے کی کمائی استعمال کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 10 لاکھ تو کیا 10ہزار کا مجمع نہیں لگا سکا، تمہارےلوگوں نے الوداع نہیں کہا، ہم مولانا فضل الرحمان صاحب کی قیادت میں الوداع کہنے آئے ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ جو شخص حکومت میں ضمنی انتخاب ہار جائے وہ اعتماد کھو چکا، وہ شخص ناصرف پارلیمنٹ کا اعتماد کھو چکا بلکہ پارٹی کا اعتماد کھو چکا، وہ شخص جس کا نام عمران خان ہے اسے پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا حق نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پوچھتی ہوں کہ کیا اسے وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھنے کا حق ہے؟ کیا اسے ملک کی تقدیر کے فیصلے کرنے کا حق ہے؟
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان 10 لاکھ کا مجمع چھوڑو، 172 ارکان پورے کرکے دکھادو، ان کے اپنے لوگ بھاگ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے لیڈر بنتے ہیں، خود پانی میں چھلانگ لگا دیتے! جسے آپ وسیم اکرم پلس کہتے تھے، آج اقتدار کی کشتی ڈولتی دیکھی تو سب سے پہلے اُسے ہی پانی میں دھکیل دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پوری زندگی میں کسی کےتو بن جاؤ، تم سے زیادہ احسان فراموش شخص کبھی نہیں دیکھا، جہانگیر ترین کا پیسا کھایا، جہاز استعمال کیا، اسے استعمال کیا، یہ اس کا بھی نہیں بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ علیم خان کا پیسا استعمال کیا، علیم خان کو استعمال کیا، وقت آیا تو ان کا بھی نہیں بنا، ان کے خاندانوں کو بھی جیل میں ڈالا، اس شخص کے شر سے کوئی نہیں بچا، جو شخص اپنے محسنوں کا نہیں، کیا وہ اس قوم کا ہوسکتا ہے؟
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ اس کی تقریر کوئی نہیں سنتا، جلسوں میں آکر قوم کو بار بار چکما دے رہا تھا کہ جلسےمیں سرپرائز دوں گا، کھودا پہاڑ نکلا چوہا، قوم سرپرائز کا انتظار کرتی رہی اور یہ 2 گھنٹے عوام کے دماغ کا دہی کرکے نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ خط نکال کر کہتا ہے یہ سازش ہے، نہ کسی کو بتاؤں گا اور نہ خط پڑھ کر بتاؤں گا، کون سا خط ہے، جس کا وزیر داخلہ کو بھی نہیں پتا، کہتا ہے عالمی طاقتیں سازشیں کررہی ہیں، کیا اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات سنی۔
مریم نواز نے کہا کہ اس قسم کا ذہنی مریض قوم پر مسلط کردیا، اس نے نہیں بتایا خط میں کیا ہے، میں پڑھ کر سناتی ہوں، دھیان سے سننا، خفیہ خط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خفیہ خط میں لکھا تھا ڈیئر مسٹر عمران خان، ہم سب خیریت سے ہیں، امید ہے آپ بھی خیریت سے ہوں گے، ہم آپ کے خلاف ایک عالمی سازش تیار کررہے ہیں، جس کا ثبوت خود ہم فراہم کررہے ہیں اور خط لکھ کر آپ کو اطلاع دے رہے ہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ خط میں لکھا ہے ہمارے خلاف ثبوت جہاں چاہیں استعمال کریں، لہرا لہرا کر دکھائیں، خط میں لکھا ہے ’منجانب عالمی طاقتیں‘، یہ کہتا ہے عالمی سازش ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کونسے ایٹمی دھماکے کردیےتھے جو ان کے خلاف عالمی سازش ہوگی، تم نے کونسا امریکا کی 5 ارب کی امداد ٹھکرا کر ابسلیوٹلی ناٹ کہہ دیا تو سازش ہوتی۔
مریم نواز نے کہا کہ تم کشکول اٹھا کر نکل جاتے ہو کہ کوئی پاکستان کی مدد کردے، پاکستان کے خلاف کوئی عالمی سازش ہوئی ہے اس کا سب سے بڑا آلہ کار عمران خان ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ کوئی پاکستان کیلئے اتنا خطرناک نہیں، جتنا خطرناک عمران خان تم ہو، عالمی طاقتیں یا دشمن پاکستان کی تباہی چاہتی تو وہ تمہیں رکھتی، تم خود پاکستان کی تباہی کے لئے دن رات کام کررہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زیر زمین لے جانا عالمی سازش تھی، نالائقی اور نااہلی کی زمین سے آسمان تک انبار لگادینا عالمی سازش تھی، دوست ممالک سے تعلقات خراب کردینا کیا عالمی سازش تھی؟
Comments are closed.