وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو وائٹ پیپرز جاری کرتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی۔
عمران خان کے خطاب کے بعد نیوز کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچایا وہ معیشت پر وائٹ پیپر جاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر عمران خان کو وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوچھنا تھا کہ خان صاحب! آپ نے جو تاریخی مہنگائی کی وہ کس وائٹ پیپر میں درج کریں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے سارے منصوبے بند کردیے وہ کس وائٹ پیپر میں درج کیے، کوئی وائٹ پیپر آپ کے کالے کرتوتوں کو سفید نہیں کرسکتا۔
مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ نے جو بجلی اور گیس مہنگی کی، اُس کے نرخ وائٹ پیپر میں درج ہیں؟ سی پیک کے سارے منصوبے بند کردیے، وہ وائٹ پیپر میں کون جاری کرے گا؟
انہوں نے سوال کیا کہ جو تاریخی قرضے آپ کے دور حکومت میں لیے گئے، کیا وہ اس وائٹ پیپر میں درج ہیں؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کو درج کرنا پڑے گا کہ کشمیر کا سودا کیا، تاریخی مہنگائی کی، آپ وائٹ پیپر جاری کریں کہ آپ ہیرے جمع کرنے میں مصروف تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی تباہی آپ کے چار سال میں آئی، آپ نے 35 روپے کلو آٹے کو 80 روپے کلو تک پہنچادیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک وائٹ پیپر خیبر پختونخوا میں اپنے 10 سال کے کرتوتوں کا جاری کریں اور ایک وائٹ پیپر وفاق میں اپنی کارکردگی کا جاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی جتنی آڈیو لیکس آئی ہیں ان سب پر وائٹ پیپر جاری کریں، یہ وائٹ پیپر اس لیے چھپ رہے ہیں کہ ملک کا دیوالیہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وائٹ پیپر میں اپنی توشہ خانے سے چوریاں درج کریں، آپ نے پاکستان کے خزانے کے ساتھ جیب کتروں والی حرکتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وائٹ پیپر نہیں آپ کا کالا اعمال نامہ ہے اگر آج گھروں میں گیس بجلی نہیں آتی تو یہ آپ کا وائٹ پیپر ہے، آپ اس تماشے اور نوٹنکی کو ختم کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دل پر پتھر رکھ کر مشکل فیصلے ہم نے کیے ہیں۔
Comments are closed.