اتوار 11؍رمضان المبارک 1444ھ 2؍اپریل 2023ء

عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ قابل ضمانت میں تبدیل

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 18 اپریل تک جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کردیے گئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج کودھمکانے کے کیس میں عمران خان کے 20 ہزار روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض قابل ضمانت میں وارنٹ تبدیل کردیے۔

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ کے خلاف نظرثانی اپیل پر سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے مخالفت کی تھی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ کبھی سنا کہ ملزم کی عدم حاضری پر وارنٹ سے متعلق فیصلہ اس کے حق میں ہوا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے قابلِ ضمانت وارنٹ ہوئے تو اس کے بعد ناقابلِ ضمانت ہی جاری ہونے تھے۔

عدالت میں عمران خان کے وکیل نے سماعت التوا کرنے کی استدعا کردی۔

اس موقع پر جج نے کہا کہ اگر سماعت میں التوا دے دیا تو پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ بحال ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.