پنجاب حکومت کے ترجمان عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی ذہنی حالت کے معائنے کے لیے دنیا کے بہترین ماہر نفسیات پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ کہتے ہیں عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے احسن جمیل گجر کو 32 کروڑ روپے کی ایمنسٹی دی۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کسی خاتون اوّل نے سہیلی کے ذریعے ڈائمنڈ جمع کیے ہوں، ان کی کوشش تھی کہ ہیرے دبئی میں بلیک مارکیٹ میں بیچے جائیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی اور بزدار نے جو ٹھیکے اور تقرر و تبادلے کیے، ان کے ذریعے ڈائمنڈ اور اربوں روپے اکٹھے کیے، اُن کی ساڑھے 3 سال کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ترک کمپنیوں کے ٹھیکے منسوخ کیے، جس سے پاک۔ترک دوستی کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ 13 جون کو پیش ہونا ہے، بجٹ کون پیش کرے گا یہ فیصلہ آج کل میں ہوجائے گا۔
Comments are closed.