وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ لوگ دعا کریں کہ عمران خان بھی مجمع کے ساتھ نکلیں، خود گھر نہ بیٹھے رہیں، عمران خان کے ساتھ جو ہوگا، وہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان خود آئیں، انہیں معلوم بھی نہیں ہوگا کہ اس کے ساتھ کیا کریں گے، حکومت بالکل تیار بیٹھی ہے، یہ چڑھائی کرنے آئیں ہم ان کی چڑھائی کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون کی حفاظت کریں گے، رینجرز، ایف سی اور پولیس کا فرض ہے کہ وہ ریڈ زون کا دفاع کریں، اگر کوئی ادارہ اپنے فرض میں کوتاہی کرے گا تو اس سے پوری قوم متاثر ہوگی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار چاہتے ہیں، پوری قوم کو عمران خان کو روکنا چاہیے اور ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ عمران خان ناک رگڑ کر معافی مانگیں گے، مگر وہ تو اس سے بھی آگے چلے گئے، وہ خاتون کی عدالت میں ان کی غیر موجودگی میں پہنچ گئے اور وہاں موجود عملے کو بول کر آگئے کہ بتادینا عمران خان آیا تھا معافی مانگنے، وہ سر کے بل چل کر عدالت گئے تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کبھی کچھ بات کبھی کچھ اور کہتے ہیں، یہ لیڈر نہیں بلکہ ایک فتنہ ہے، وہ اس سے پہلے بھی معافی مانگ چکے ہیں مگر ریٹائرمنٹ کے بعد سابق چیف جسٹس کو گالیاں دیتے نظر آتے ہیں۔
Comments are closed.