سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے دور اقتدار میں کرپشن میں پاکستان سب سے آگے رہا۔ عمران خان اس بات کا قوم کو جواب دیں۔
عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ عمران خان نے حج کے مقدس دن بھی جھوٹ بولتے اور الزامات لگاتے رہے۔ عمران خان قوم سے مقدس دن پر ہی سچ بول لیتے۔ جھوٹ اور منافقت عمران خان کی سیاست کا وتیرہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔ اپنے دور میں مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، پشاور بی آر ٹی سمیت نیب کے میگا کرپشن اسکینڈلز بند کروائے۔ عمران خان کے دور اقتدار میں بنی گالا کرپشن کا مرکز رہا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں سیاسی مخالفین کے خلاف جعلی مقدمات بنائے، جن کا اعتراف ان کے سابقہ وزرا کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے اپنی حکومت جادو ٹونے اور کالے علم کے ذریعے چلائی۔ وہ نااہل ترین وزیراعظم ثابت ہوئے۔ پاکستان کو جادوگروں اور جعلی عاملوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان وہ شخص ہے جس نے اپنے محسنوں کے ساتھ بھی دغا بازی کی۔ ان کا واویلہ دراصل احتساب سے بچنے کی کوشش ہے۔ وہ احتساب اور خود کو کرپشن اسکینڈلز سے بچانے کے لیے ماحول پیدا کر رہے ہیں۔
Comments are closed.