پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔
فوج اور نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق بیان پر عمران خان کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان فوج اور نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق عمران خان کی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتا ہے، عوامی جلسوں میں اہم ترین تقرری پر بیان بازی کسی صورت بھی قومی مفاد میں نہیں۔
پنجاب اسمبلی میں یہ قرارداد ن لیگ کی ایم پی ایز حنا پرویز، سعدیہ تیمور اور سمیرا کومل کی جانب سے جمع کروائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ عمران خان پہلے بھی آرمی چیف اور افواج پاکستان سے متعلق نفرت انگیز بیانات دے چکے ہیں، افواج پاکستان کے سینئر جنرلز کی حب الوطنی پر سوالات اٹھانا قابل مذمت ہے۔
افواج پاکستان کے جنرلز اور جوان دن رات سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کوشاں ہیں، جنرل سرفراز اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران کی شہادتیں اس کا بڑا ثبوت ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان وفاقی حکومت سےمطالبہ کرتا ہے کہ عمران خان کے فوج مخالف بیان کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
Comments are closed.