جمعہ21؍جمادی الاول 1444ھ 16؍دسمبر 2022ء

عمران خان کے بطور وزیرِ اعظم ہیلی کاپٹر کے اخراجات کی تفصیل آگئی

سینیٹ اجلاس کے دوران کابینہ ڈویژن نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے اخراجات کی تفصیلات پیش کی ہیں۔

سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن نے بتایا ہے کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر جنوری 2019ء سے مارچ 2022ء کے دوران 43 کروڑ 44 لاکھ روپےاخراجات آئے۔

کابنیہ ڈویژن کے تحریری جواب کے مطابق عمران خان نے ہیلی کاپٹر پر اس دوران 1 ہزار 579 وی وی آئی پی مشن گھنٹے مکمل کیے۔

تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ 2019ء میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر نے 479 گھنٹے وی وی آئی پی پرواز کی، اس سال ان کے ہیلی کاپٹر پر 13 کروڑ 19 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 2020ء میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر نے 522 گھنٹے وی وی آئی پی پرواز کی، اس برس ان کے ہیلی کاپٹر پر 14 کروڑ 35 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب جمع کرایا ہے جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی منظوری سے اعلیٰ عہدے داران کو دی گئی وی آئی پی بلٹ پروف گاڑیوں اور دیگر وی آئی پی گاڑیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

کابینہ ڈویژن کا تحریری جواب میں کہنا ہے کہ 2021ء میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر نے 450 گھنٹے وی وی آئی پی پرواز کی، اس سال ان کے ہیلی کاپٹر پر 12 کروڑ 38 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

تحریری جواب میں سینیٹ کو یہ بھی بتایاگیا ہے کہ جنوری سے مارچ 2022ء تک عمران خان کے ہیلی کاپٹر نے 127 گھنٹے وی وی آئی پی پرواز کی، اس عرصے میں ان کے ہیلی کاپٹر پر 3 کروڑ 51 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.