مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینٹر اسحٰق ڈار نے وزیر اعظم عمران خان کے وہاڑی میں جلسہ عام میں امریکہ اور یورپ پر شدید اور سخت الفاظ میں تنقید پر سفارتی آداب کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے باعث شرمندگی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے ہچکولے کھاتے ہوئے اقتدار کے آخری دنوں میں عوام، قوم اور دوست ممالک کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، جس سے پاکستان عالمی برادری میں تنہا ہورہا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے ایک اور نفرت آمیز تقریر کی ہے، وہ عوام سے کیے گئے اپنے لاتعداد وعدوں میں سے ایک بھی پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اپوزیشن اور مخالفین کے خلاف بدعنوانی کے منتر کی بوسیدہ بیان بازی سے آگے نکلتے ہوئے اب نیٹو اور یورپی یونین پر کھلے عام لفظی حملہ کرکے پاکستان کے مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا اہتمام بھی کردیا ہے۔
ان کے مطابق جس سے نقصان صرف پاکستان اور پاکستانی عوام کا ہونا ہے۔
دوسری جانب ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اسحٰق ڈار کی ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ کا حلف اٹھانے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرنے پر پوری مسلم لیگ ن کو مبارکباد دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسحق ڈار کو انصاف کے حصول کے لیے سالوں انتظار کرنا پڑا، لیکن دیر آئے درست آئے کے مترادف قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسحٰق ڈار کی سینیٹ میں فرائض کی انجام دہی کے آغاز سے کئی سنگین مسائل کے حل کے لیے ہونے والی قانون سازی میں مدد مل سکے گی۔
Comments are closed.