وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان میں سے کسی نے خودکشی یا خودکش حملہ کیا تو میں ذمہ دار ہوں گا، ریاست ان چیزوں سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان جرم کے مرتکب ہوئے ہیں، عمران خان نے پورے ملک میں انتشار کی مہم شروع کی، عمران خان لشکر کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنا چاہتے تھے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے حلف کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے، عمران خان عدالت میں اپنا موقف پیش کریں ہم اپنا پیش کریں گے، ملزم کو گرفتار کرنا ریڈ لائن کیسے ہوسکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتا تھا کہ اس کے مقابلے کے لیے سامنے موجود ہیں، اس لیے واپس گیا، عمران خان ڈی چوک کی طرف بڑھنے کی پوزیشن میں ہوتے تو وہ آگے بڑھتے، عمران خان کے خلاف ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ انہوں نے کس طرح منصوبہ بندی کی، عمران خان نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے مسلح جتھا لے کر اسلام آباد پر چڑھائی کی، عمران خان کو مقدمے میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا چاہیے، اسلام آباد میں چڑھائی کی گئی اس میں ہمیں کیا ثابت کرنا ہوگا؟
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی رہنما کے خلاف جھوٹا مقدمہ نہیں بنائیں گے، جس طرح شہزاد اکبر کرتے رہے ہم ایسا کچھ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بنی گالہ پیسے اکٹھے کرنے کا ہیڈکوارٹر رہا ہے، بنی گالہ میں فرح پیسے اکٹھی کرتی رہی ہیں۔
Comments are closed.