وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں پنجاب حکومت بڑی رکاوٹ ثابت ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان عقبی دروازے سے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان سے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے ملاقات کی، ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے مونس الہٰی بھی موجود تھے۔
عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی زیرِصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں تمام مستعفی ممبرانِ قومی اسمبلی شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں عمران خان کے خلاف درج کیے گئے مقدمے کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیرِ اعظم کو کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی نے عمران خان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں پنجاب حکومت بڑی رکاوٹ ثابت ہو گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں مونس الہٰی نے کہا کہ عمران خان کو اسلام آباد پولیس کی سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، انہیں پنجاب پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
Comments are closed.