پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنا سیاسی حماقت ہوگی، سخت ردِعمل آئے گا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللّٰہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ ملک کے سب سے مقبول رہنما کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اگر ایسی کوئی حماقت کی گئی تو پی ٹی آئی کی جانب سے شدید ردِعمل آئے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی خبر اگر پی ٹی آئی کارکنان کو ملے تو وہ فوری اپنا ردعمل دیں کیونکہ کارکنوں کو پُرامن سیاسی ردِعمل دینے کا حق حاصل ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللّٰہ کے بیانات، دھمکیاں، غیر سیاسی گفتگو سب نے سنی ہے، پی ٹی آئی کارکنان ردِعمل دینے کے لیے منصوبہ بندی شروع کردیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، حکومت نے پیٹرول، گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے نرخ کم رکھے، حکومت کے معاشی ماہرین کے پاس مشکلات کا کوئی حل نہیں، یہ عالمی ادارے کی ناراضی مول نہیں لینا چاہتے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ اتنے لاچار کیوں ہیں؟ اگر ان کو ہمارا کیا ہوا معاہدہ اچھا نہیں لگا تو ڈٹ جاتے، آئی ایم ایف سے بات کرتے کہ ہم یہ معاہدہ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث 10 جون کو بجٹ سے پہلے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، پاکستان کا افراط زر ایک نئی حد کو چھونے والا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو آج عوام پر بوجھ اس حکومت نے ڈالا ہے، اس کا ملبہ یہ ہم پر ڈالنا چاہتے ہیں۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں پانی کا بحران ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت ملک میں سیاسی مداخلت ہو رہی تھی ملک کے محافظوں کو نوٹس لینا چاہیے تھا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خاموش ہیں۔
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ پنجاب میں 20 ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور حصہ لے گی، حکومت پنجاب پولیس اور انتظامیہ کو استعمال کر کے من پسند نتائج لینا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنا چکی ہے، اگلے الیکشن کے من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے حلقوں کو توڑا گیا، نئی حلقہ بندیوں کو چیلنج کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے والوں پر مقدمہ درج ہونا چاہیے، سمندر پار پاکستانی بھی کارکنان پر تشدد کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم این آر او ٹو ہے، یہ خاص ایلیٹ طبقے کو ایک طرف دھکیلنے اور مٹی ڈالنے کی کوشش ہے۔
Comments are closed.