بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی توثیق سے پاکستان کو بڑی سپورٹ ملی ہے۔ اتحادی حکومت نے اپنی سیاست کو بچانے کے بجائے پاکستان کو بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے۔

حیدر آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پوری قوم بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے۔ ایک شخص عمران خان اور اس کی پارٹی ریاست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرسی کے نشے میں ہاتھ سے کوئی موقع جانے نہیں دیتے، ملک کے نازک معاملات کو بھی اپنی گھناؤنی سیاست کی نظر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ شوکت ترین اور محسن لغاری جیسے لوگ عمران خان کے جھانسے میں آ گئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان بیرونی ایجنٹ ہیں، جس کو ریاست پاکستان سے کوئی غرض نہیں۔ عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ پاکستان کسی طرح ڈیفالٹ میں چلا جائے۔ اس سازش کے پیچھے عمران خان اور بھارت کا ہاتھ ہے۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان، آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔ یہ شوکت ترین اور پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ کی سازش نہیں ہوسکتی۔ پی ٹی آئی کی اس گھناؤنی سازش کا نوٹس لیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ عمل ملک کے خلاف غداری کے مترادف ہے۔عوام کو بھی اب آنکھیں کھول لینی چاہیے کہ تبدیلی کا مقصد صرف پاکستان کی تباہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.