اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ آج پی ٹی آئی چیئرمین کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل کرنے کی درخواست کی سماعت کرے گا۔
لارجر بینچ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ہے، لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ سنگل بینچ پر اعتراض کے بعد چیف جسٹس نے کیا تھا۔
شہری محمد ساجد کی درخواست میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
عمران خان نے سنگل رکنی بینچ کے روبرو اپنے تحریری بیان موقف اپنایا تھا کہ یہ درخواست میانوالی کی نشست کے تناظر میں دائر کی گئی، الیکشن کمیشن میانوالی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کرچکا ہے۔
عمران خان نے کہنا تھا کہ وہ اب رکن اسمبلی نہیں رہے، اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں رہی۔
شہری ساجد نے کیس میں نئی دستاویزات لگانے کی درخواست دے دی، نئی دستاویزات عمران خان کے 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات جیتنے سے متعلق ہیں۔
Comments are closed.